اوگرا کی جانب سے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کا سرکاری ریٹ 3000 مگر مارکیٹ میں 4200 روپے میں فروخت
جنڈ ( رپورٹ : ڈسٹرکٹ رپورٹر محمد قاسم جنڈ)
تحصیل جنڈ اور گردونواح میں تیل و گیس کی وافر پیداوار اور قریب ترین دکھنی فلنگ پلانٹ کی موجودگی کے باوجود ایل پی جی کی من مانی قیمتوں اور بلیک مارکیٹنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔اوگرا کی جانب سے 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کا سرکاری ریٹ 3000 روپے مقرر ہے، مگر یہی سلنڈر دکھنی فلنگ پلانٹ سے 4000 اور کھلی مارکیٹ میں 4200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ منافع خوری کا عالم یہ ہے کہ ایجنسیوں کو جاری انوائسز پر ریٹ والی جگہ کو خالی چھوڑ کر فی سلنڈر 1000 سے 1200 روپے تک اضافی بٹورے جا رہے ہیں۔ اسی طرح چھوٹے سلنڈروں میں بھروائی کا سرکاری ریٹ 254 روپے کے برعکس 390 سے 400 روپے فی کلو وصول کیا جا رہا ہے۔
عوامِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیرِ پٹرولیم، کمشنر راولپنڈی، ڈی سی اٹک اور اسسٹنٹ کمشنر جنڈ سے اس کھلی لوٹ مار اور سینہ زوری کے خلاف فوری ایکشن لینے کا شدید مطالبہ کیا ہے۔

