سکھر ( رپورٹ/ عبد الرحمان راجپوت )
سکھر 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سکھر میں مرکزی جلوس، محافلِ میلاد اور دیگر مذہبی پروگراموں کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر/اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی بشرٰی منصور کی زیرِ صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید و نامور علمائے کرام، مرکزی و دیگر جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز، اہلسنت کے نمائندگان، ضلعی انتظامیہ اور مختلف متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس، صحت، میونسپل کارپوریشن، تعلیم، اوقاف، بجلی، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران 12 ربیع الاول کے موقع پر نکالے جانے والے مرکزی جلوسوں کے روٹس، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی، روشنی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، طبی سہولیات، ریسکیو سروسز اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ جلوس کے تمام روٹس اور اہم مقامات پر بروقت انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بشرٰی منصور نے کہا کہ 12 ربیع الاول مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس اور عقیدت و محبت کا دن ہے، اس لیے عید میلاد النبی ﷺ کے تمام پروگرامز کو پرامن، منظم اور باہمی احترام کے ماحول میں یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس پر فول پروف سیکیورٹی، مؤثر صفائی، مناسب روشنی، پینے کے پانی اور طبی کیمپوں سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

