سکھر ( بیورو رپورٹ / عبد الرحمان راجپوت )
جشنِ آزادیِ پاکستان کے شایانِ شان موقع پر وائے ٹو کے اسکول نے ایک بار پھر نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس پرمسرت موقع پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی جانب سے وطن عزیز کے لیے "شجر کاری مہم” کی صورت میں ایک بہترین اور پائیدار تحفہ پیش کیا گیا۔مہم کے دوران 60 سے زائد پودے لگائے گئے۔ شجر کاری مہم کے دوران اسکول کے طلباء و طالبات میں غیر معمولی جوش و جذبہ اور لگن دیکھنے میں آئی۔ بچوں نے اپنے ہاتھوں سے پودے لگا کر نہ صرف ماحول دوست شہری ہونے کا ثبوت دیا بلکہ "سرسبز سکھر تو سرسبز پاکستان” کے عزم کو بھی تازہ کیا۔اس موقع پر قومی ترانہ پیش کیا اور پاکستان زندہ آباد افواج پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائے ٹو کے اسکول کے ایڈمنسٹریٹر ملک ریاض حامد اور پرنسپل میڈم بشرہ نے شجر کاری کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درخت زمین کا حقیقی زیور اور ہمارے ماحول کے بہترین دوست ہیں۔ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو ماحول کی حفاظت اور شجر کاری جیسی مثبت غیر نصابی سرگرمیوں سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جشنِ آزادی پاکستان کے اس پرمسرت موقع پر اپنے ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کی کاوش ہی وطن عزیز کے لیے سب سے بہترین اور یادگار تحفہ ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور سکھر کو مزید خوبصورت و سرسبز بنانے کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

