حافظ آباد( ڈاکٹر زاہد سہیل جرنلسٹ سے )
ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق اورڈ ی پی او فوا د احمد کا کہنا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کا یوم ولات باسعادت نہایت مذہبی جو ش و خروش اور عقیدت سے منایا جائیگا اور اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام محکموں کی جانب سے بھر پور انتظامات کیے جائینگے۔ ربیع الاول کے جلوسوں کی گزر گاہوں پر لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کے جائینگے جبکہ سرکاری عمارتوں، مساجد اور اہم عوامی مقامات کی سجاوٹ اور لائٹنگ کا بندو بست کیا جائیگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ بلاول علی،مقامی علمائے کرام، مسیحی کمیونٹی کے نمائندوں اور کمیونٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ حضور نبی کریم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے،آپﷺ کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ،تعلیمات آج بھی ہمارے لیے روشن مینارہ ہیں۔مقامی علمائے کرام کا فرض ہے کہ وہ بالخصوص ربیع الاول کے مہینے میں عوام الناس کو امن ومان،صبر وتحمل،مذہبی رواداری اور بھائی چارہ کے فروغ کا درس دیں۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ ربیع الاول کے دوران مساجد،جلوسوں اور دیگر تقریبات کے مقامات کی صفائی ستھرائی،لائٹنگ اور دیگر انتظامات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائیگا۔ انکاکہنا تھا کہ پنڈی بھٹیاں میں 12ربیع الاول کے جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، پیر افورس اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ملازمین کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائینگی۔ آج دنیا بھر میں پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور ہمیں اپنے گروہی و مسلکی اختلافات کو بھلا کر جشن عید میلا د النبی ﷺ کو بھر پور مذہبی عقیدت اور جو ش و خروش سے منا نا ہے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈی پی او کاکہنا تھا کہ ربیع الاو ل کے تمام جلوسوں اور مساجد کی سکیورٹی کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ علمائے کرام اور جلوسوں کے منتظمین، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ امن و امان کے قیام کے لیے باہمی تعاون کو یقینی بنائے اور ایسے تمام شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے جو ہمارے ضلع کی پر امن فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کریں۔ اجلاس میں ڈی پی ا و فواد احمد کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب جبکہ ملک و قوم کی سلامتی، امن و امان، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔


