مٹیاری رپورٹ عامر علی انڑ
مٹیاری کے علاقے کھنڈو اسٹاپ کے قریب یونین کونسل فقیر نوح ہوتھیانی میں واقع گاؤں ولی داد ساہووال کا گورنمنٹ پرائمری اسکول متعدد مسائل کا شکار ہے۔ اسکول کی چار دیواری انتہائی خستہ حال ہو چکی ہے، جبکہ باؤنڈری وال کی دیوار کا کچھ حصہ بھی گر چکا ہے، جس کے باعث معصوم طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔خطرے کے پیشِ نظر گاؤں کے مکینوں نے اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے گھروں میں بٹھا دیا ہے۔ گاؤں ولی داد ساہووال کے رہائشی ثناء اللہ ساہووال، عبدالغفور ساہووال، غلام نبی ساہووال، فتح محمد ساہووال اور دیگر نے معصوم طلبہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی ضروریات اور مرمت کے لیے بجٹ بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسکول کی مرمت اور باؤنڈری وال کی خستہ حالی کے حوالے سے محکمہ تعلیم کے افسران اور ڈپٹی کمشنر مٹیاری کو زبانی اور تحریری شکایات کی جا چکی ہیں، لیکن تاحال مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کی عمارت اور باؤنڈری وال کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ مظاہرین نے کہا کہ اگر خستہ حال دیوار کے باعث کسی معصوم بچے کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ تعلیم کے افسران پر عائد ہوگی۔

