سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب وژن کے تحت کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے پسرور کے نواحی علاقے نئی آبادی، موضع صادق آباد (چونڈہ روڈ) کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افیسران کو گلیوں کی فوری صفائی اور بارشی پانی کی بلا تاخیر نکاسی یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور بہتر ماحول کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے پسرور میں زیر تعمیر ماڈل سہولت بازار کا بھی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ افسران نے کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

