سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا ہے کہ شہریوں کو سرکاری خدمات ایک ہی چھت تلے آسان، شفاف، تیز رفتار اور مؤثر انداز میں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے ای خدمت مرکز سیالکوٹ کے دورہ کے دوران کہی یہاں مینجر ای خدمت مرکز سیالکوٹ وقاص گوندل نے ڈپٹی کمشنر کو مرکز کی کارکردگی، مختلف شعبہ جات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ دو سال میں چار لاکھ دس ہزار سے زائد شہریوں کو خدمات کی فراہمی ای خدمت مرکز کی مؤثر سروس ڈیلیوری اور عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مرکز میں شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی، شفافیت، میرٹ اور سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، نادرا سے متعلق خدمات، ایکسائز سروسز، جنرل پولیس ویری فکیشن سمیت متعدد سرکاری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔

