کراچی : ملک بھر کے بجلی صارفین کو ملنے والا ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ ریلیف رواں ماہ ختم ہونے کے بعد ستمبر 2026 سے بجلی کے بلوں میں اضافے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو فراہم کیا جانے والا 67.17 ارب روپے سے زائد کا ریلیف اگست میں ختم ہوجائے گا، جس کے بعد ستمبر سے بجلی کے نرخوں میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین سے 23 ارب روپے سے زائد وصول کرنے کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا ہے۔نئی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری کی صورت میں صارفین پر تقریباً ایک روپے فی یونٹ اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، تاہم حتمی رقم کا فیصلہ نیپرا کی سماعت کے بعد ہو گا۔علاوہ ازیں نیپرا نے جون 2026 کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 75 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے، جو کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین سے اگست کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا۔75 پیسے فی یونٹ کا یہ اضافہ لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ بجلی صارفین پر لاگو نہیں ہو گا۔

