چنیوٹ (فرحان بلال سے)
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کا شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ، بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کا جائزہ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور حالیہ بارش کے بعد پانی کی نکاسی کے لیے واسا کی مشینری اور عملے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپس اور نکاسی آب کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی تیز ترین نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، مشینری اور عملہ مکمل طور پر متحرک رکھا جائے، تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نکاسی آب کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے

