قاضی احمد نمائندہ سائين بخش لاکھو
قاضی احمد کے قریب سکرنڈ شوگر ملز روڈ پر رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس کا ایک کانسٹیبل شہید جبکہ ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر قاضی احمد پولیس نے ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کا تعاقب کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور قریبی گنے کی فصل میں چھپ گئے۔پولیس نے مختلف تھانوں کی اضافی نفری اور سرکاری کھوجی (پیری) کی مدد سے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سرکاری کھوجی پولیس کانسٹیبل محمد حسن کھوسو گولی لگنے سے شہید ہوگئے، جبکہ ایک مبینہ ڈاکو گلاب شاہ، سکنہ گاؤں محسن شاہ، مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کی لاش تحصیل اسپتال قاضی احمد منتقل کی گئی۔شہید کانسٹیبل محمد حسن کھوسو کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد رینج فیصل بشیر میمن، ایس ایس پی شہید بینظیرآباد سمیر نور چنا، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں، سرکاری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران نے شہید کانسٹیبل محمد حسن کھوسو کے ورثا سے ملاقات کی، گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر پولیس حکام نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور قانون دشمن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر شہید کے خون کا حساب لیا جائے گا۔بعد ازاں شہید کانسٹیبل محمد حسن کھوسو کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں، قاضی احمد کے قریب، بھی ادا کی گئی، جہاں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

