لاہور:لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن (کاہنہ) میں رواں ماہ جولائی میں پیش آنے والے پُراسرار سانحے کا پولیس نے باضابطہ طور پر سراغ لگا لیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے ایک اہم پریس بریفنگ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ امریکی نژاد خاتون ہی اپنے تین بچوں کی قاتل نکلی، جو خود بھی بچوں کو زہر دینے کے بعد موت کے منہ میں چلی گئی۔
رواں سال 17 جولائی کو ویلنشیا ٹاؤن کے ایک گھر سے 40 سالہ امریکی شہری علینہ اور ان کے تین بچوں کی لاشیں پراسرار حالت میں برآمد ہوئیں تھیں۔ ابتدائی طور پر اس المناک واقعے کو زہریلا کھانا قرار دیا گیا تھا اور مقتولہ کے شوہر ناصر ڈوگر کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا تھا، جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی عدم موجودگی میں اہلیہ نے آئس کریم میں زہر ملایا۔
پولیس نے امریکا اور کینیڈا میں مقیم مقتولہ کی بہنوں کے بیانات ریکارڈ کیے، جن سے یہ بات سامنے آئی کہ علینہ طویل عرصے سے شدید ذہنی دباؤ اور عارضے میں مبتلا تھیں اور وہ پاکستان آنے سے پہلے اپنی ادویات بھی باقاعدگی سے نہیں لے رہی تھیں۔ دورانِ تفتیش یہ بھی معلوم ہوا کہ وہ انٹرنیٹ پر مرنے کے مختلف طریقے سرچ کرتی رہتی تھیں۔
تفتیش کے مطابق ذہنی توازن متاثر ہونے پر خاتون نے آن لائن کیمیکل فروخت کرنے والے ایک دکان کے مالک سے رابطہ کیا اور خطرناک زہر (پوٹاشیم سائنائیڈ) حاصل کرنے کے عوض ایک لاکھ 38 ہزار روپے سے زائد کی رقم بذریعہ منی گرام ادا کی۔ یہ زہر انہوں نے اپنی ایک دوست کے پتے پر جوہر ٹاؤن پارسل منگوایا، جسے بعد میں 16 جولائی کو پیزا شاپ پر وصول کیا۔
پولیس کے مطابق اگلے روز یعنی 17 جولائی کو ملزمہ نے آئس کریم میں پوٹاشیم سائنائیڈ ملا کر پہلے اپنے تینوں بچوں کو کھلائی اور خود بھی کھا لی۔ اس دوران انہوں نے اپنے شوہر کو بھی وہی آئس کریم کھلانے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ فرانزک شواہد اور تفتیش سے یہ مکمل طور پر واضح ہو گیا ہے کہ یہ ایک دردناک خودکشی اور بچوں کی ہلاکت کا کیس تھا۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سائنسی شواہد کی مدد سے زہر فراہم کرنے والے کیمیکل شاپ کے مالک اور ایک رائیڈر سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب مقتولہ کے شوہر ناصر ڈوگر کا پولی گرافک ٹیسٹ اور تفتیش مکمل کرنے کے بعد انہیں اس جرم سے بری کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے شاندار تفتیش پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔
ماں ہی بچوں کی ق ات ل ہ نکلی، 1 لاکھ 38 ہزار کا پوٹاشیم سائنائڈ زہر آن لائن سہیلی کے گھر منگوایا، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن

