لاہور:شہرِ لاہور کے علاقے عسکری 10 میں سڑک پر ریس لگاتی تیز رفتار گاڑیوں کی لاپرواہی نے ایک نوجوان کی جان لے لی، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی خوفناک سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید رنگ کی دو گاڑیاں انتہائی تیز رفتاری سے ایک دوسرے کے آگے پیچھے ریس لگا رہی ہیں۔ اسی دوران ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار نوجوان دور جا گرے۔
تھانہ شمالی چھاؤنی میں درج مقدمے کے مطابق، متوفی 13 سالہ حافظ قرآن سبحان اپنے دوست ایان کی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر مارکیٹ سے واپس آ رہا تھا کہ ریس لگاتی گاڑی نے انہیں کچل دیا۔ حادثے میں سبحان، ایان اور دوسری موٹر سائیکل پر سوار ابوبکر شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سبحان دم توڑ گیا، جبکہ ایان اور ابوبکر تاحال زیرِ علاج ہیں۔
اس المناک واقعے کے بعد عسکری 10 کے رہائشیوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سوسائٹی کے رہائشیوں نے نوجوان سبحان کو انصاف دلوانے اور ریس لگانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے سوسائٹی میں احتجاج بھی کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

