سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے عاشورہ محرم کے مختلف ماتمی جلوسوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی، صفائی، طبی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ عزاداروں کو پر امن، محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ 10 محرم الحرام کو ضلع سیالکوٹ میں مجموعی طور پر 87 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے، جن میں 16 اے کیٹیگری، 18 بی کیٹیگری اور 53 سی کیٹیگری کے جلوس شامل ہیں۔ اسی طرح 77 مجالس منعقد ہوں گی، جن میں 8 اے کیٹیگری، 10 بی کیٹیگری اور 59 سی کیٹیگری کی مجالس شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزر کر رات 12 بجے تک پرامن طور پر اختتام پذیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے 450 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم سیالکوٹ سے تمام سرگرمیوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔

