اسلام آباد (محمد شبیر)
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف-7/1 میں ایک گھر پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اعضاء کی مبینہ سمگلنگ میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں تین چینی اور دو پاکستانی شہری شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں چینی شہری لی گینگ لئی، وانگ بھاؤ اور پینگفی گاؤ جبکہ پاکستانی شہری وقاص سرور اور قیصر حنیف شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق چھاپے کے دوران گھر سے مختلف مشتبہ انسانی اعضاء برآمد ہوئے ہیں، جبکہ مبینہ طور پر انسانی گوشت بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔ تمام برآمد شدہ مواد کو فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ لیبارٹری منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی حتمی نوعیت اور شواہد کی تصدیق کی جا سکے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار پاکستانی شہری چینی ملزمان کے ساتھ بطور ڈرائیور کام کر رہے تھے اور انہیں مبینہ انسانی اعضاء کی سمگلنگ کے نیٹ ورک میں سہولت کاری کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور اس مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور رابطوں کی بھی تلاش جاری ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تفتیش جاری ہے، اور ملزمان کے خلاف الزامات عدالت میں ثابت ہونا باقی ہیں۔ فرانزک رپورٹ اور مزید تحقیقات کے بعد ہی برآمد ہونے والے مواد اور مقدمے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے گی۔


