سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات، پری فلڈ اقدامات، صحت عامہ کی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر محمد علی نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈسکہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمرجنسی، او پی ڈی، وارڈز، فارمیسی اور لیبارٹری کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال عملے کی حاضری چیک کی اور متعلقہ سٹاف کو ڈیوٹی اوقات کے دوران اپنی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر بھی موجود تھیں۔بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسروریاں کا دورہ کیا اور عشرہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات کے حوالے سے منتظمین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ رانا صفدر شبیر، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو بھی موجود تھےکمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک، اسٹریٹ لائٹس بمعہ بیک اپ جنریٹرز، صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، سبیلوں، ٹریفک ڈائی ورژن اور پارکنگ سمیت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے کشمیر روڈ پر نالہ بھیڈ، نالہ ایک اراضی یعقوب کا معائنہ کرتے ہوئے پری فلڈ انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ بھیڈ کی ڈی سلٹنگ کا کام جاری ہے، واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز فعال ہیں جبکہ ڈی واٹرنگ سیٹس بھی مکمل طور پر آپریشنل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں نالوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔

