پشاور۔انورزیب خان
نوشہرہ: تھانہ رسالپور پولیس نے اندھے قتل کیس کو ٹریس کرکے قاتل شوہر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے گھریلو ناچاقی پر بیوی کو بے دردی سے قتل کرکے 2 بچوں کو بھی ساتھ لے گیا تھا۔ مورخہ 26 مئی 2026 کو پولیس کو اطلاع ملی کہ رسالپور کے علاقہ گل خان کورونہ میں ایک لاوارث خاتون کی لاش پڑی ہے۔ رسالپور پولیس کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 476 جرم 302 پی پی سی درج کیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جواد خان ایس ڈی پی او رسالپور سرکل کی سربراہی میں کاشف خان ایس ایچ او تھانہ رسالپور و ٹیم اور تفتیشی آفیسر اسرار خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم کو اصل حقائق منظر عام پر لانے، قاتل کی گرفتاری اور آلہ قتل کی برآمدگی کا ٹاسک سونپا گیا تفتیشی ٹیم نے انتھک محنت اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے لاش کی شناخت مسماۃ عظمیٰ زوجہ سہیل کے نام سے کی۔ تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے ٹیم نے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دوران تفتیش معلوم ہوا کہ مقتولہ کا شوہر سہیل اپنے دو بچوں سدیس اور حضر کے ہمراہ واردات کے بعد سے غائب ہے۔پولیس ٹیم نے تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم سہیل تک رسائی حاصل کرکے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اس نے چھری کے وار کرکے اپنی بیوی عظمیٰ کو قتل کیا اور بعد میں دونوں بچوں کو ساتھ لے کر فرار ہو گیا تھا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے دونوں بچوں سدیس اور حضر کو باحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

