نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
حکومتِ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی دوست محمد راہیمون، سیکریٹری ماحولیات زبیر احمد چنہ اور ڈائریکٹر جنرل سیپا وقار حسین پھلپوٹو کی ہدایات پر ریجنل انچارج سیپا شہید بینظیر آباد ڈاکٹر گل امیر سنبل نے سول اسپتال نواب شاہ کے عقب میں غیر قانونی طور پر پھینکے گئے طبی و میونسپل فضلے کو آگ لگانے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اقدامات کیے۔اطلاع ملتے ہی ڈاکٹر گل امیر سنبل موقع پر پہنچ گئے اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں کی خود نگرانی کی۔ آگ کی شدت کے باعث اسپتال کی برقی تاروں اور دیگر متعلقہ انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، جبکہ اسپتال کے احاطے، قریبی املاک اور عوامی سلامتی کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوگئے۔صورتحال کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریجنل انچارج سیپا نے فوری طور پر فائر بریگیڈ سے رابطہ کیا، جس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ سیپا اور فائر بریگیڈ کی مؤثر اور بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑے ماحولیاتی اور انسانی جانوں کو لاحق ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔موقع کے معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ مذکورہ مقام پر طبی اور دیگر فضلہ غیر قانونی طور پر پھینکا جا رہا تھا، جس کے باعث نہ صرف ماحولیاتی آلودگی بلکہ آتشزدگی کے سنگین خطرات بھی پیدا ہو رہے تھے۔ اس صورتحال پر سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری طور پر فضلہ پھینکنے کا عمل روکنے اور طبی فضلے کی محفوظ تلفی کے لیے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

