لاہور(نعیم احمدسے) لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے امریکی قونصل جنرل لاہور اسٹیٹسن سینڈرز (Stetson Sanders) نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پاک امریکہ تعلقات، علاقائی امن و امان، تجارت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم شراکت داری پر استوار ہیں۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مؤثر پُل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ ملک محمد احمد خاں نے امریکی قونصل جنرل کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والی قانون سازی اور قائمہ کمیٹیوں کے مؤثر نظام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ سفارتی روابط اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

