قاضی احمد رپورٹ: سائیں بخش لاکھو
نواب ولی محمد فیڈر پر طویل اور غیر قانونی لوڈشیڈنگ کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے نیشنل ہائی وے سے ریلی نکال کر نواب ولی محمد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے نواب ولی محمد فیڈر پر جاری غیر قانونی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، جبکہ کاروبار اور روزمرہ معمولات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔اس موقع پر رہنماؤں علی نواز بروہی، دادو عثمان بگھیو، اللہ بچایو رند، نور مگسی، امین کلیار اور دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ ضلع میں واپڈا کے کرپٹ اہلکار عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں، انہیں فوری طور پر ہٹا کر ایماندار افسران تعینات کیے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواب ولی محمد فیڈر پر طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری ختم کرکے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔


