نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
گورنمنٹ پرائمری اسکول رئیس کرم علی جمالی میں سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی، جس میں سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سید سرور شاہ اور انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں اساتذۂ کرام، طلبہ، والدین اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ نے قومی نغمے، تقاریر، ٹیبلوز اور دیگر تعلیمی و ثقافتی پروگرام پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا، جسے حاضرین اور مہمانانِ گرامی نے بے حد سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی مہذب معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیادی اساس ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت، لگن، نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاق کو اپنا شعار بناتے ہوئے علم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں، جو نئی نسل کی علمی، اخلاقی اور فکری تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو بھی سراہا گیا۔

