نئی دہلی: بھارت نے اعلان کیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں حکومت کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد غیر قانونی قرار دیے گئے مواد کو تین گھنٹوں کے اندر ہٹانے کی پابند ہوں گی۔ یہ مدت اس سے قبل 36 گھنٹے مقرر تھی۔ نئے قواعد 20 فروری سے نافذ العمل ہوں گے۔
رائٹرز کے مطابق یہ ترمیم 2021 کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) قوانین میں کی گئی ہے، جو پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان اختلافات کا سبب بن چکے ہیں۔ نئے ضوابط کا اطلاق میٹا، گوگل، یوٹیوب اور ایکس جیسے پلیٹ فارمز پر بھی ہوگا۔
یہ اقدام ہندوستان کو آن لائن مواد کے ضوابط کے حوالے سے دنیا کے سخت ترین ممالک کی صف میں مزید مستحکم کرتا ہے۔ نئے قواعد کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دباؤ بڑھ جائے گا کہ وہ ایک ایسی وسیع اور حساس ڈیجیٹل مارکیٹ میں، جہاں ایک ارب سے زائد انٹرنیٹ صارفین موجود ہیں، حکومتی تقاضوں اور اظہارِ رائے کی آزادی سے متعلق خدشات کے درمیان محتاط توازن قائم کریں۔
حکومتی ہدایت نامے میں مواد ہٹانے کے لیے مقررہ مدت کم کرنے کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔

