کراچی :پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور خریداری کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک ہزار 330سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مارکیٹ میں مثبت رجحان کے باعث کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 83 ہزار 484 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو گزشتہ کاروباری روز کے مقابلے میں نمایاں بہتری ہے۔
واضح رہے کہ منگل کے روز مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 186 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 82 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جہاں سرمایہ کار محتاط انداز میں کاروبار کرتے رہے اور مارکیٹ محدود دائرے میں ٹریڈ کرتی رہی۔مارکیٹ ماہرین کے مطابق حالیہ دنوں میں سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے، تاہم مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر معاشی اشاریوں، صنعتی سرگرمی میں بہتری اور مالیاتی استحکام کے باعث مضبوط ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز سے ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے اور ہنڈرڈ انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

