لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت کے موقع پر حفاظتی ایس او پیز (SOPs) پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر اہل لاہور کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ لاہور والوں نے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھ لی ہے، جس پر وہ خود بھی بہت خوش ہیں۔
: وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ "الحمدللہ! لاہور والوں نے قواعد و ضوابط پر عمل کر کے محفوظ بسنت منانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔” انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ شہریوں نے "خوش و خرم مگر محفوظ بسنت” کے تصور کو پوری طرح اپنایا۔ آسمان پر پتنگوں کی آنکھ مچولی اور روایتی کھابوں کے ساتھ ساتھ شہریوں نے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا بھی خیال رکھا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کہ اس بار مقررہ سائز اور پنے کے علاوہ کسی بھی قسم کی ممنوعہ ڈور کے استعمال کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ خاص طور پر دھاتی تار کا استعمال نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کے ٹرانسفارمرز محفوظ رہے اور بجلی کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا۔ انہوں نے انتظامیہ کے پیشگی اقدامات کو موثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی۔
حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے بتایا کہ جشنِ بسنت کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لبرٹی اور اندرون شہر سمیت ہر علاقے میں 200 کلینک آن وہیلز اور 21 فیلڈ ہسپتال تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور میں "سیف بسنت” کی اس کامیابی کے بعد اب اسی تصور کو پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔
عوام کے لیے اہم پیغام: اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں تاکہ یہ خوشیاں کسی دکھ میں تبدیل نہ ہوں۔”

