لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور کے تاریخی ‘اندرونِ شہر’ میں پتنگ اڑا کر بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو پیغام دیا کہ بسنت پنجاب کی ایک شاندار ثقافتی روایت ہے جسے اب محفوظ اور منظم انداز میں دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب اندرونِ شہر میں واقع تاریخی اصف جاہ کی حویلی پہنچیں، جہاں انہوں نے فیملیز اور بچوں کے ساتھ مل کر بسنت کی خوشیوں میں شرکت کی۔
بسنت کی مناسبت سے مریم اورنگزیب نے روایتی پیلا لباس زیبِ تن کر رکھا تھا، جبکہ حویلی میں موجود خواتین کی بڑی تعداد نے بھی پیلے جوڑے پہن کر بسنت کے روایتی رنگوں کو چار چاند لگا دیے۔
انہوں نے بچوں اور فیملیز کے ساتھ پتنگ اڑائی اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
جشن کے ساتھ ساتھ مریم اورنگزیب نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم حفاظتی ہدایات (SOPs) پر عملدرآمد کی اپیل کی:
انہوں نے کہا کہ بچوں کو بجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔
رات کے وقت صرف ان چھتوں پر پتنگ اڑائیں جہاں روشنی کا مناسب انتظام موجود ہو۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے بسنت کو ایک محفوظ تہوار بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ہم اپنی روایات کو تو بحال کر رہے ہیں، لیکن انسانی جان کی قیمت پر نہیں۔” انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ذمہ دارانہ شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ یہ جشن کسی کے لیے غم کا باعث نہ بنے۔

