اسلام آباد :پارک روڈ سے ملحقہ علاقے میں درختوں کی کٹائی کے بعد جنگ عظیم دوم کی یادگار بھی خطرے میں پڑ گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزارتِ قومی ورثہ نے کڑی روڈ پر واقع برطانوی دور کی ایک تاریخی یادگار کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمرشل ایریا کے لیے منتقل کرنے کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ یہ یادگار ان مقامی فوجیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی تھی جنہوں نے 1914 کی پہلی جنگ عظیم میں حصہ لیا تھا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ جب تک سی ڈی اے اس زمین کا ریکارڈ فراہم نہیں کرتا، اسے قانونی تحفظ نہیں مل سکتا اور تب تک اسے چھیڑا نہیں جا سکتا۔ دوسری طرف ڈویلپرز نے یادگار کے ارد گرد کی زمین اس حد تک کھود دی ہے کہ یہ مینار اب 40 فٹ اونچے ایک مٹی کے ٹیلے پر اکیلا کھڑا رہ گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ ایک طرف جھک گیا ہے اور کسی بھی وقت گر کر تباہ ہو سکتا ہے۔

