کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی بندرگاہ پر منشیات سمگلنگ کی ایک بڑی اور مذموم کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کے دوران درآمد شدہ کنٹینر سے 47 کلو گرام کوکین ضبط کر لی۔ اے این ایف کے مطابق یہ انسدادِ منشیات کے حوالے سے کوکین ضبط کرنے کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے، جبکہ ضبط کی گئی منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت لاکھوں ڈالرز بنتی ہے۔
اے این ایف نے انٹیلی جنس پروفائلنگ اور رسک اسیسمنٹ کی بنیاد پر سکریپ کے سات درآمدی کنٹینرز کو مشکوک قرار دیا تھا، جنہیں گوجرانوالہ روانہ کیے جانے سے قبل نہایت باریک بینی سے مکمل طور پر چیک کیا گیا۔ جامع اور پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی تلاشی کے دوران ایک کنٹینر کے اندر انتہائی مہارت سے چھپائی گئی کوکین برآمد کر لی گئی۔ حکام کے مطابق منشیات کی اس طرح خفیہ انداز میں چھپائی اے این ایف کی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ادارہ سمندری بندرگاہوں، ڈرائی پورٹس، شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں اور ہوائی اڈوں پر مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ اے این ایف نے واضح کیا ہے کہ ملک سے منشیات کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے فورس پرعزم ہے اور سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کراچی بندرگاہ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی، لاکھوں ڈالر مالیت کی کوکین پکڑی گئی

