اسلام آباد :وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کی تقرری کے پہلے مرحلے میں تین ججز نے حلف اٹھا لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں منعقد ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں تین ججز نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے تینوں ججز سے حلف لیا۔ حلف لینے والے ججز میں جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عامر فاروق شامل ہیں۔
وفاقی آئینی عدالت کے تین ججز کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ بلڈنگ میں منعقد ہوئی۔ وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے اپنی عدالت کے تین ججز جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی سے حلف لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر بھی حلف برداری تقریب میں اسٹیج پر موجود تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم سومرو، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس محمد آصف اور جسٹس انعام امین منہاس بھی وفاقی آئینی عدالت کے ججز کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، ایڈوکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز، لا افسران، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ بھی تقریب میں شریک تھے۔
قبل ازیں وفاقی وزارتِ قانون و انصاف نے وفاقی آئینی عدالت میں چھ ججز کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس کریم خان، جسٹس روزی خان، جسٹس علی باقر اور جسٹس ارشد حسین اب وفاقی آئینی عدالت کا حصہ ہوں گے۔
وفاقی آئینی عدالت کا صدر دفتر اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم ہوگا، جہاں چیف جسٹس امین الدین خان روم نمبر ایک میں بیٹھیں گے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر روم نمبر دو میں منتقل ہو جائیں گے۔

