لاہور کے علاقہ ٹائون شپ میں پیش آنے والا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ لالچ، ناجائز دولت اور اقتدار کی ہوس کا بھیانک انجام ظاہر کرتا ہے۔ذرائع کے مطابق مشہور بااثر خاندان کے دو بھائیو ں ملک اعظم اور شوکی چنگڑ کے درمیان دولت کی تقسیم کے تنازعے نے ایک خوفناک رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے۔علاقہ مکینوں کے مطابق ملک اعظم اور شوکی چنگڑ نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران قتل، قبضہ گیری اور غیر قانونی کاروبار کے ذریعے بےپناہ دولت اکٹھی کی۔ابتدائی دنوں میں دونوں بھائی ایک دوسرے کے مکمل شریک اور مددگار تھے، مگر جیسے جیسے دولت بڑھی، ویسے ویسے اختلاف اور بداعتمادی نے جنم لیا۔پولیس کے مطابق جھگڑا اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ناجائز کمائی گئی جائیداد کی تقسیم پر تکرار ہوئی۔اسی دوران شوکی چنگڑ ،اسکے بیٹے حمزہ نے اشتعال میں آکرچچا ملک اعظم پر فائرنگ کر دی، جس سے ملک اعظم موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔مقتول کے بیٹے ہنی نے جوابی فائرنگ کی جس سے عبدالرحیم اور اسکی بہن زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے دونوں خاندانوں کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ واقعہ اس المیے کی عکاسی کرتا ہے جس میں غلط ذرائع سے حاصل کی گئی دولت خاندانوں کو جوڑنے کے بجائے توڑ دیتی ہے۔ملک اعظم اور شوکی چنگڑ نے برسوں دوسروں کے حقوق پر قبضہ کر کے جو دولت جمع کی، وہی اب ان کی بربادی کا سبب بنی۔ایک وقت میں طاقت اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے دونوں بھائیوں کا خاندان آج خون، نفرت اور ندامت کے اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے
ناجائز دولت کی تقسیم پر خون کی ہولی ،، بھائی بھائی کے خون کے پیاسے بن گئے

