کابل :افغانستان کےشہر قندوز سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا ایک طیارے کے لینڈنگ گئیر میں چھپ کر کابل سےنئی دہلی انڈیا پہنچا، اور معجزانہ طور پر اس نہایت خطرناک سفر میں زندہ بچ گیا۔
انڈین اخبار دی انڈین ایکسپریس کے مطابق افغان نوجوان نے 94 منٹ کا فضائی سفر طے کیا اور دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر محفوظ اور جسمانی طور پر مستحکم حالت میں لینڈ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے سے باخبر چار ذرائع نے اس کی تصدیق کی۔یہ واقعہ افغانستان کی کام ایئر کی پرواز پر پیش آیا۔
ویب سائیٹ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق، ایئر بس اے 340نے کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 8:46 بجے (انڈین وقت) پر اڑان بھری اور 10:20 بجے دہلی کے ٹرمینل تھری پر لینڈ کیا۔
ایک سکیورٹی ذریعے کے مطابق، کرتہ پاجامہ پہنے ہوئے اس لڑکے کا اصل ارادہ ایران جانے کا تھا، مگر غلطی سے انڈیا جانے والی پرواز میں سوار ہو گیا۔
اس نے اعتراف کیا کہ وہ کابل ایئرپورٹ پر دیگر مسافروں کے پیچھے پیچھے داخل ہوا اور بورڈنگ کے دوران طیارے کے پہیے کے خانے میں چھپ گیا۔

