اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک انصاف کی خالی قرار دی جانے والی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں مل کر حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔
اس بات کا اعلان پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر حنیف عباسی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا اور کہا کہ دونوں جماعتیں آنے والے ضمنی انتخابات میں ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے نہیں کریں گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آج کی ملاقات دونوں جماعتوں کے قائدین کی ہدایت پر ہوئی اور اس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی اور دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ جس حلقے میں جس جماعت کا رنر اپ تھا وہاں دوسری جماعت حمایت کرے گی۔
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان فارمولہ طے پاگیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جس حلقے میں پی پی پی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا تھا اس حلقے میں مسلم لیگ نہمیں سپورٹ کرے گی اور جس حلقے میں مسلم لیگ ن کا امیدوار دوسرے نمبر پر تھا وہاں پی پی پی سپورٹ کرے گی۔

