اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے آر ایل این جی گیس کنکشنز کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں آر ایل این جی گیس کنکشنز کی بحالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے معیاری ایندھن کی فراہمی کے لیے گیس کنکشنز کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 2022 میں پی ڈی ایم حکومت کے دوران گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھا تاہم اُس وقت گیس دستیاب نہیں تھی۔پی ڈی ایم حکومت کے دوران گیس کے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے متعدداقدامات کیے ۔
وزیراعظم نے حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتےہوئے کہا کہ 2013 میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک تھا۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے اندھیروں کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کیے۔ محمد شہباز شریف نے کہاکہ ہم نےشبانہ روز محنت کرکےملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی و پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نےویڈیو پیغام میں کہاکہ وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں حکومت عوام کو معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔گیس کمپنی کے لائن لاسز کم ہو کر 4.93 فیصد تک محدود کر دئیے گئے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ایل پی جی کی نسبت سستا اور ماحول دوست ایندھن میسرہوگا۔
علی پرویز ملک نےکہاکہ حکومت گھریلو صافین کےساتھ صنعتوں کو بھی سستے ایندھن کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 29 ارب روپے کا ریکارڈ منافع حاصل کیا گیا۔
عوم نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہےکہ اُن کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ گیس کنیکشنزکی بحالی کا اقدام خوش آئند ہے۔

