ٹیکساس:مریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ایک شاپنگ سنٹر کے پارکنگ لاٹ میں اندھادھند فائرنگ ، بچے سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے حملہ آورکو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آسٹن کی پولیس چیف لیزا ڈیوس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشتبہ شخص واقعے کے مقام سے فرار ہو گیا، پھر ایک گاڑی چرا کر اس کو تباہ کر دیا اور پھر دوسری گاڑی پر قبضہ کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے اور مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آسٹن-ٹریوس کاؤنٹی کی ایمرجنسی سروسز کے ترجمان نے بتایا کہ ایک شخص کو چوٹیں آئیں جو اس واقعے سے متعلق نہیں ہیں، اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
موقع پر ایک بالغ اور ایک بچہ ہلاک ہوئے جبکہ ایک اور بالغ زخمی حالت میں ہسپتال لے جانے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس چیف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آسٹن کے لیے بہت افسوسناک دن ہے اور وہ ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ہلاک شدگان کی شناخت کا کوئی اعلان نہیں کیا جا سکا۔
یہ واقعہ تعلیمی سال شروع ہونے سے قبل خریداری کے سیزن کے دوران پیش آیا ہے۔

