اسلام آباد میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں، پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق صرف ایک ماہ کے دوران اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم کی 43 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں جن میں شہریوں سے موبائل فونز، نقدی، اور زیورات چھین لیے گئے۔ اسی عرصے میں 41 واقعات ڈکیتی اور راہزنی کے سامنے آئے، جب کہ 105 موٹر سائیکلیں اور 29 گاڑیاں چوری ہوئیں۔ مزید برآں، اسلحے کے زور پر 10 موٹرسائیکلیں اور 3 گاڑیاں چھینی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جرائم کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ شہریوں کو روزمرہ زندگی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی، گاڑی و موٹرسائیکل چوری اور قتل جیسے سنگین جرائم کا سامنا ہے، جب کہ پولیس جرائم پر قابو پانے میں بظاہر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
قتل کی وارداتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، اور ایک ہی ماہ کے دوران 7 افراد قتل کر دیے گئے۔ اگرچہ پولیس نے تمام مقدمات درج کر لیے ہیں، مگر بیشتر مقدمات میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔

