کیلے فورنیا :انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو موبائل اسٹوریج کے مسائل سے بچانے میں مدد دے گا۔
رپورٹ کے مطابق فیچر جلد میٹا کی زیرملکیت میسیجنگ ایپ کا حصہ بنے گا اور اس کا مقصد اسمارٹ فونز کی اسٹوریج کی حفاظت کرنا ہے۔
واٹس ایپ صارفین اکثر بہت زیادہ میسیجز وصول کرتے ہیں، جن میں ویڈیوز اور تصاویر شامل ہوتی ہیں، جس سے فون کی اسٹوریج تیزی سے بھر جاتی ہے، تاہم نیا فیچر اس مسئلے کا آسان حل فراہم کرے گا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین مخصوص چیٹ میں بھیجی گئی تصاویر، ویڈیوز اور ڈاکومنٹس دیکھ سکتے ہیں، سب سے بڑی فائلز تلاش کر سکتے ہیں اور انہیں حذف بھی کر سکتے ہیں۔
پہلے یہ کام صرف عمومی اسٹوریج سیٹنگز میں ممکن تھا، لیکن اب ہر چیٹ کے لیے الگ کنٹرول دستیاب ہوگا۔
یہ فیچر صارفین کو ہر چیٹ کے بارے میں فیصلہ کرنے کی اجازت دیتا ہے کہ کون سی میڈیا فائلز فون میں محفوظ ہوں گی۔
فی الحال یہ فیچر مکمل طور پر تمام آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوا، لیکن بہت جلد دستیاب ہوجائے گا۔
 
		
 
									 
					