یوزویندر چہل کا ڈپریشن اور طلاق سے متعلق پہلا انکشاف – جذباتی گفتگو نے سب کو چونکا دیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اسپنر یوزویندر چہل نے آخرکار اپنی نجی زندگی میں پیش آنے والے مشکل لمحات کے بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔ انہوں نے اپنی طلاق، ذہنی دباؤ اور ڈپریشن پر پہلی بار کھل کر گفتگو کی ہے، جس نے ان کے مداحوں کو جذباتی کر دیا۔
یوزویندر چہل اور ان کی سابقہ اہلیہ، مشہور ڈانسر اور کوریوگرافر دھنشری ورما، تقریباً پانچ سال تک شادی کے بندھن میں بندھے رہے۔ تاہم اس سال 20 مارچ کو دونوں نے باقاعدہ طور پر علیحدگی اختیار کر لی۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران چہل نے بتایا کہ ازدواجی زندگی کے آخری چند ماہ ان کے لیے نفسیاتی لحاظ سے نہایت تکلیف دہ تھے۔ انہوں نے بتایا:
"میں سخت ڈپریشن میں چلا گیا تھا۔ انگزائٹی کے شدید دورے پڑتے تھے، جسم کانپنے لگتا، پسینہ آتا تھا حالانکہ کمرے میں اے سی چل رہا ہوتا تھا۔ خودکشی جیسے خیالات بھی ذہن میں آنے لگے تھے۔”
چہل نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر منفی تبصرے اور افواہیں ان کی ذہنی کیفیت کو مزید بگاڑ رہے تھے۔ وہ کرکٹ سے وقفہ لینا چاہتے تھے تاکہ خود کو سنبھال سکیں۔

