آج پاکستان بھر میں 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے، جسے چھ سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے قومی قیادت نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
یومِ استحصالِ کشمیر: کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی اور عالمی برادری کی توجہ کا مطالبہ
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کا مقصد کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو پامال کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی حکومت مقبوضہ کشمیر کی آبادی اور سیاسی ڈھانچے کو جان بوجھ کر تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں غیرکشمیریوں کو ڈومیسائل اور ووٹر لسٹ میں شامل کرنا شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور بھارت کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

