اوول میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔ انگلینڈ کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 367 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پانچویں روز انگلینڈ کو فتح کے لیے 35 رنز جبکہ بھارت کو 4 وکٹوں کی ضرورت تھی۔ محمد سراج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے آخری روز تین اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پراسدھ کرشنا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے آغاز میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی پہلی اننگز 224 رنز پر سمٹی، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 247 رنز بنا کر 23 رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں بھارت نے 396 رنز بنائے، یشسوی جیسوال نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 118 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ نے 105 اور ہیری بروک نے 111 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، مگر ٹیم جیت سے صرف 6 رنز کی دوری پر ہمت ہار گئی۔ بھارت کی جانب سے محمد سراج نے میچ میں مجموعی طور پر 5 وکٹیں، پراسدھ کرشنا نے 4 اور اکاش دیپ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

