ویب ڈیسک | بے نقاب نیوز
آسٹریلوی حکومت نے امیگریشن پالیسی کو مزید سخت کرتے ہوئے 28 نومبر 2026 سے تمام نئے وزٹر اور ٹورسٹ ویزوں پر ’نو فردر اسٹے‘ (No Further Stay – Condition 8503) کی شرط لازمی طور پر نافذ کر دی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ’ویزا ہاپنگ‘ یعنی سیاحتی یا وزٹر ویزا پر آسٹریلیا جا کر وہاں سے اسٹوڈنٹ، ورک یا دیگر ویزوں میں تبدیلی کے رجحان کو روکنا ہے۔
آسٹریلیا کے محکمہ داخلہ (Department of Home Affairs) کے نئے ضوابط (Migration Amendment (Preventing Further Stay for Visitor Visas) Regulations 2026) کے تحت یہ شرط اب تمام بڑی وزٹر کیٹیگریز کی نئی درخواستوں کا لازمی حصہ ہوگی۔
28 نومبر 2026 یا اس کے بعد جمع کرائی جانے والی وزٹر ویزا (Subclass 600 — بشمول ٹورسٹ اور بزنس وزٹر اسٹریمز)، الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ETA – Subclass 601) اور ای وزٹر (eVisitor – Subclass 651) کی درخواستوں پر کنڈیشن 8503 لازمی ہوگی۔ پہلے یہ شرط بعض اسٹریمز میں لازمی یا اختیاری تھی جبکہ ETA اور eVisitor پر لاگو نہیں ہوتی تھی۔
کنڈیشن 8503 کے تحت مسافر آسٹریلیا میں موجودگی کے دوران کسی دوسرے ویزا کے لیے درخواست نہیں دے سکیں گے اور نیا ویزا حاصل کرنے کے لیے انہیں آسٹریلیا سے باہر جانا ہوگا۔ صرف پروٹیکشن ویزا کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
جو درخواستیں 28 نومبر 2026 سے پہلے جمع کرائی جا چکی ہیں یا جن کے پاس پہلے سے موجودہ ویزے ہیں، ان پر یہ نیا قانون لاگو نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ ویزا کی منظور شدہ مدتِ قیام یا سفری حقوق میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔
کنڈیشن 8503 میں نرمی یا استثنیٰ (Waiver) صرف انتہائی غیر معمولی، ہنگامی اور ناقابلِ کنٹرول حالات میں ہی مل سکتا ہے، جیسے ویزا جاری ہونے کے بعد شدید طبی ایمرجنسی، قریبی عزیز کی وفات یا آبائی ملک میں غیر متوقع بحران۔
امیگریشن ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے بعد آئندہ آسٹریلیا جانے کے خواہشمند افراد کو سیاحتی ویزا کے بجائے اپنی اصل ضرورت (تعلیم، روزگار یا دیگر کیٹیگری) کے مطابق پہلے سے درست ویزا کے لیے درخواست دینا ہوگی۔


