گوہاٹی (ویب ڈیسک)
بھارتی ریاست آسام میں ایک بڑے تعلیمی اسکینڈل کا انکشاف ہوا ہے، جہاں جعلی مارک شیٹس کے ذریعے تقریباً 5,000 طلباء نے گیارہویں جماعت (فرسٹ ایئر) میں داخلہ حاصل کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس جعلسازی میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاستی تعلیمی حکام اور پولیس کی مشترکہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ منظم گروہ نے دسویں جماعت کے امتحانات میں ناکام ہونے والے یا کم نمبر لینے والے طلباء کو جعلی سرٹیفکیٹس اور مارک شیٹس فراہم کیں، جن کی بنیاد پر انہوں نے ریاست کے مختلف کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں داخلے لے لیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ داخلہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران مشکوک دستاویزات کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا تو تقریباً 5 ہزار جعلی داخلوں کا سراغ ملا۔ پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران جعلی دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے 3 کارندوں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے جعلی مہریں، کمپیوٹر آلات اور جعلی اسناد برآمد کر لی ہیں۔
محکمہ تعلیم آسام نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ داخلہ لینے والے طلباء کی اسناد کی فوری تصدیق کریں، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکینڈل میں ملوث دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


