روم (ویب ڈیسک)
اٹلی کی پارلیمنٹ نے وزیرِ اعظم جارجیا میلونی کی حکومت کی جانب سے پیش کردہ متنازع تعلیمی اصلاحاتی بل کی حتمی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تعلیمی اداروں میں برقع، نقاب اور چہرہ ڈھانپنے والے دیگر لباس پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ایوانِ زیریں (چیمبر آف ڈیپوٹیز) نے 26 نومبر کو 112 کے مقابلے میں 142 ووٹوں سے بل کی منظوری دی، جسے سینیٹ پہلے ہی پاس کر چکا تھا۔ صدر سرجیو ماتاریلا کے دستخط اور سرکاری گزٹ میں اشاعت کے بعد یہ قانون باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق تعلیمی سرگرمیوں کے دوران ایسا کوئی بھی لباس پہننے پر پابندی ہوگی جس سے چہرہ چھپتا ہو اور طالب علم کی شناخت میں دشواری پیش آئے۔ خلاف ورزی کی صورت میں 200 سے 1,000 یورو تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ طالب علم کے کم عمر (18 سال سے کم) ہونے کی صورت میں جرمانے کی ادائیگی والدین یا سرپرست پر ہوگی۔ تاہم، عام حجاب (اسکارف) جس میں چہرہ کھلا رہتا ہے، اس پابندی کے دائرے میں نہیں آئے گا اور طبی یا مخصوص تعلیمی ضروریات کے تحت استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اصلاحاتی پیکیج کے تحت تعلیمی سال 2027-2028 سے پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول کی ابتدائی جماعتوں میں ایسے غیر ملکی طلبہ کا تناسب 30 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے جو اطالوی زبان پر مناسب عبور نہیں رکھتے۔ اس کے علاوہ جن غیر ملکی والدین کی زبان کی کمزوری بچوں کی تعلیم میں رکاوٹ بن رہی ہو، ان کے لیے مفت اطالوی زبان کے کورسز کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور غیر حاضری پر جرمانہ بھی ہو سکے گا۔ اصلاحاتی بل میں ڈیجیٹل نصابی کتب کی قیمتوں میں کم از کم 50 فیصد کمی، سائبر بلیئنگ کی روک تھام اور خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ کے لیے سہولیات میں اضافے جیسے اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
وزیرِ تعلیم جوزپے والڈیٹارا اور حکومتی اتحاد کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیر ملکی طلبہ کو اطالوی زبان اور مشترکہ اصولوں کے ذریعے معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا اور اسکولوں میں شناخت کے عمل کو یقینی بنانا ہے۔
دوسری جانب ووٹنگ کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان میں احتجاج کیا اور پلے کارڈز اٹھائے جن پر تحریر تھا: "اسکول میں کوئی بھی غیر ملکی نہیں ہوتا”۔ مرکزی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ ایلی شلائن اور دیگر ناقدین نے الزام عائد کیا کہ یہ قانون اقلیتوں، مسلمان طلبہ اور تارکینِ وطن خاندانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو ہوا دیتا ہے اور اس کا مقصد آئندہ انتخابات سے قبل انتہائی دائیں بازو کے ووٹرز کو راغب کرنا ہے۔ یورپی کمیشن نے بھی غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے کی شق پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا ہے کہ یورپی یونین کے قوانین قومیت کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے امتیاز کی اجازت نہیں دیتے۔


