نوابشاہ (بیورو رپورٹ: نفیس آرائیں)

ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے کچہری روڈ پر واقع طیبہ سینٹر کی مخدوش اور ناقابلِ رہائش عمارت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دونوں عمارتوں میں موجود کرایہ داروں اور دیگر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمشنر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ عمارت کی خستہ حالی اور سنگین ساختی نقائص کے پیشِ نظر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کے حوالے سے پہلے ہی تکنیکی معائنہ اور جوائنٹ انسپیکشن رپورٹ مرتب کی جا چکی ہے، تاہم تاحال مؤثر اقدامات نہ ہونا باعثِ تشویش ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عمارت کی بحالی پر غور کرنے سے قبل تفصیلی ساختی معائنہ اور ضروری تکنیکی ٹیسٹ کرائے جائیں، جبکہ عمارت کی موجودہ حالت کے پیشِ نظر اسے منہدم کرکے ازسرِنو تعمیر کرنا محفوظ ترین حل ہو سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے واضح کیا کہ عمارت میں موجود دکانداروں، شہریوں اور عام افراد کی جان و مال کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


