ٹیکسلا (شائستہ ضیاء)

نیشنل انیشیٹو فار سوشل ایمپاورمنٹ (NISE) کے چیئرمین فیضان علی اعوان نے اسلام آباد میں چیئرمین فنانس کمیٹی فیصل علی بابا اور رکنِ صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان (ایم پی اے، حلقہ پی پی-12 ٹیکسلا / راولپنڈی-6) سے ان کے دفتر میں ایک اہم ملاقات کی، جس میں سماجی بہبود کے ساتھ آٹزم (Autism) اور منشیات کے خلاف مہم ("Say No to Drugs”) پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آٹزم سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کی آگاہی، معاونت اور بحالی کے عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان سے محفوظ رکھنے کے جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین NISE فیضان علی اعوان نے بتایا کہ ادارہ سماجی بہبود، تعلیم، ہنر مندی اور صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور ان دونوں حساس و اہم معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین فنانس کمیٹی فیصل علی بابا اور ایم پی اے محسن ایوب خان نے NISE کی سماجی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چیئرمین فیضان علی اعوان اور ان کے وفد کو ہر ممکن تعاون اور مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل اور آٹزم کے شکار افراد کی دیکھ بھال و سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے مثبت اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
ملاقات کے اختتام پر فریقین نے سماجی بہبود کے منصوبوں کو وسعت دینے، عوامی آگاہی مہمات کو مزید مؤثر بنانے اور آئندہ بھی مشاورت و تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


