پیرس (ویب ڈیسک)
فرانس میں 2027 کے مجوزہ سوشل سیکیورٹی بجٹ پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے درمیان اتفاقِ رائے قائم نہ ہو سکا، جس کے بعد بل کو مزید غور و خوض کے لیے دوبارہ ایوانِ زیریں (قومی اسمبلی) میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی اسمبلی کے 7 ارکان اور 7 سینیٹرز پر مشتمل 14 رکنی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی سمجھوتے پر پہنچنے میں ناکام رہے۔ فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم سباسٹین لیکورنو (Sébastien Lecornu) نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمانی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی میں اس بل پر نئے سرے سے بحث آئندہ ماہ شروع ہوگی، جس کے بعد اسے دوبارہ سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سوشل سیکیورٹی بجٹ کے مسودے کو اکتوبر میں قومی اسمبلی نے 1 کے مقابلے میں 115 ووٹوں سے مسترد کر دیا تھا، تاہم بعد ازاں سینیٹ نے 18 نومبر کو اس میں اہم ترامیم کرتے ہوئے 124 کے مقابلے میں 201 ووٹوں سے منظور کر لیا تھا۔
دونوں ایوانوں کے درمیان اختلافات کی سب سے بڑی وجہ 2023 کی متنازع پنشن اصلاحات کی معطلی ہے، جس پر حکومت نے گزشتہ سال اتفاق کیا تھا۔ سینیٹ چاہتا ہے کہ ان اصلاحات کو 2027 سے دوبارہ نافذ کیا جائے، جبکہ قومی اسمبلی کے بیشتر ارکان اس اقدام کی شدید مخالفت کر رہے ہیں۔
فرانسیسی حکومت عوامی مالیات کو قابو میں رکھنے کے لیے سوشل سیکیورٹی خسارے کو 2026 کے متوقع 21.8 ارب یورو سے کم کر کے 2027 میں 12.7 ارب یورو تک لانے کا ہدف رکھتی ہے، جس کے لیے صحت کے اخراجات میں بچت اور پنشن ادائیگیوں میں تبدیلیوں سمیت مختلف کفایت شعاری کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔


