بغداد:ویب ڈیسک
عراق کی کرخ فوجداری عدالت نے کالعدم شدت پسند تنظیم داعش میں شمولیت کے جرم میں 8 فرانسیسی شہریوں کو عمر قید جبکہ دیگر 2 فرانسیسی شہریوں کو 15، 15 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ فیصلے جمعرات کے روز سنائے گئے، تاہم عدالت نے اسی مقدمے میں زیرِ سماعت مزید 10 فرانسیسی ملزمان کے فیصلے مؤخر کر دیے۔ سماعت کے دوران فاضل جج محمد سلمان نے ریمارکس دیے کہ داعش میں شمولیت کی سزا موت بھی ہو سکتی تھی، لیکن عدالت نے سزا میں نرمی کرتے ہوئے انہیں اصلاح کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سزا پانے والے یہ افراد ان 47 فرانسیسی شہریوں کے گروپ کا حصہ ہیں جنہیں گزشتہ سال جولائی میں شمال مشرقی شام سے عراق منتقل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف ستمبر سے انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت ٹرائل جاری ہے جمعرات کے فیصلوں کے بعد اس گروپ میں شامل سزا یافتہ فرانسیسی شہریوں کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے، جن میں سے بیشتر کو عمر قید (جو عراقی قانون کے تحت 20 سال قید کے مساوی ہوتی ہے اور 30 روز میں عدالتِ تمیز میں خودکار جائزے کے لیے جاتی ہے) سنائی جا چکی ہے۔
رواں سال فروری میں بھی امریکا کے تعاون سے شام میں کرد فورسز کے زیرِ انتظام حراستی مراکز سے 60 سے زائد ممالک کے 5 ہزار 700 سے زیادہ مشتبہ داعش جنگجوؤں کو عراق منتقل کیا گیا تھا۔


