لاہور:لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں ایک اشتہاری خاتون نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور اینٹیں برسا کر سب انسپکٹر کا سر پھاڑ دیا، تاہم بعد ازاں ویمن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ منیبہ شاہین کے خلاف خواتین وکلاء کو تشدد کا نشانہ بنانے کا مقدمہ درج تھا۔ عدالت و تفتیشی حکام کی جانب سے متعدد بار طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہ ہونے پر اسے اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا۔
اس مقدمے میں جب پولیس ٹیم ملزمہ کی گرفتاری کے لیے اسلام پورہ پہنچی تو اس نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر اینٹوں سے حملہ کر دیا۔ اینٹ لگنے کے باعث سب انسپکٹر طارق شدید زخمی ہو گئے اور ان کا سر پھٹ گیا، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد ریس کورس ویمن پولیس نے خصوصی چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مقامی سطح پر ’پھولن دیوی‘ کے نام سے مشہور اشتہاری خاتون منیبہ شاہین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکارکوزخمی کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
لاہور: اسلام پورہ میں ’’ پھولن دیوی ’’نےسب انسپکٹر کے سر پر اینٹ دے ماری، موقع پر گرفتار

