ایرانی خبر رساں ادارے اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایران نے بدھ کے روز آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں ایک امریکی ساختہ ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مربوط فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کی موجودگی کا پتا لگانے کے بعد ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں نصب مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی نظام کی مدد سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے نشانہ بنایا، تاہم امریکی حکام کی جانب سے تاحال اس واقعے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ آذربائیجان کے خبر رساں ادارے ’ٹرینڈ‘ کے مطابق ایرانی فوج نے اس اقدام کو امریکی بغیر پائلٹ طیاروں کے خلاف اپنی فضائی دفاعی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا ہے، جبکہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی فوج نے 17 نومبر کو آبنائے ہرمز میں واقع ایرانی جزیرے قشم پر پاسدارانِ انقلاب کے میزائل ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا اور اس سے قبل ایران نے بحرین میں امریکی ریڈار نظام پر حملے کا دعویٰ کیا تھا جسے امریکا نے ناکام بنانے کا کہا تھا۔ واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد سے ایران نے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کی انتہائی اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

