ہوبارٹ:
بین ڈکٹ کی شاندار سنچری اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 97 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
ہوبارٹ کے بیللیریو اوول میں کھیلے گئے سیریز کے آخری معرکے میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 48.3 اوورز میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 46.5 اوورز میں 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ ٹام بینٹن 35 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم دوسرے اینڈ سے بین ڈکٹ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے 115 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 133 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
مڈل آرڈر میں جو روٹ (12)، کپتان ہیری بروک (17) اور جارڈن کاکس (12) بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، تاہم ول جیکس نے 48 گیندوں پر 59 رنز اور سیم کرن نے 19 رنز بنا کر ٹیم کا مجموعہ 328 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیک ایڈورڈز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایڈم زمپا کی غیر موجودگی میں میٹ رینشا نے اپنی پارٹ ٹائم اسپن باؤلنگ سے 51 رنز دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
329 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اس کی ابتدائی تین وکٹیں پاور پلے میں ہی محض 47 رنز پر گر گئیں۔ کپتان مچل مارش صرف 1 اور ٹریوس ہیڈ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جوش انگلیس نے 14 رنز بنائے۔
مشکل صورتحال میں میٹ رینشا (55 رنز) اور ایلیکس کیری (37 رنز) نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں مزاحمت کی، لیکن ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کینگروز کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی۔ کیمرون گرین (3 رنز) انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، جبکہ جیک ایڈورڈز (31) اور کوپر کونولی (29) کی کوششیں بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں اور پوری آسٹریلوی ٹیم 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے نوجوان فاسٹ باؤلر سونی بیکر نے 45 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسپنر لیام ڈاوسن نے 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

