نوشہرہ / پشاور (انور زیب خان)
ضلع نوشہرہ کے علاقوں مندوری اور دروازگئی میں ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 55 غیر قانونی پلانٹس نذر آتش اور 60 جھونپڑیاں مسمار کر دیں۔
اسسٹنٹ کمشنر اسکواڈرن لیڈر (ر) امان اللہ کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری اور دیگر سامان بھی تلف کر دیا گیا، جبکہ ایک ایکسکیویٹر (Excavator) بھی ضبط کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا بنیادی مقصد قدرتی وسائل کے غیر قانونی استحصال کو روکنا اور بغیر اجازت سونے کی کان کنی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف بلاامتیاز آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔


