کراچی:پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا۔ کارگو اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا، جہاں اس کی آمد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی قیادت میں ایل پی جی کے شعبے میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کے تحت یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تقریب میں سپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سپیشل سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کی ہدایت پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے مارکیٹ میں دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں۔ نئے نظام کے تحت حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمد میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ آنے والے ہفتوں میں مزید ایل پی جی کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔تقریب میں ایم ڈی ایس ایل ایل جواد علی خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

