سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقے پنڈی پنجوڑاں میں گھریلو تنازع پر سسرالیوں نے مبینہ طور پر خاتون پر پٹرول چھڑک کر اسے زندہ جلانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں متاثرہ خاتون شدید جھلس گئی۔
پنڈی پنجوڑاں کی رہائشی ماریہ نامی خاتون کو اس کے سسرالیوں نے گھریلو ناچاقی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے خاتون بری طرح جھلس گئی، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا گیا۔
متاثرہ خاتون کے والد ارشد محمود کی درخواست پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے سسر مجید کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا تھا کہ خواتین پر گھریلو تشدد، ظلم اور استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی جان، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سفاکانہ واقعے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔


